ضلع اٹک میں کامرہ چھاؤنی کی حدود میں آج علی الصبح ایئرفورس کے ایک اسکول ٹرک پر خود کش حملے میں پانچ بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے ۔ خودکش حملہ آج صبح تقریباً ساڑھے سات بجے اس وقت ہوا جب ایروناٹیکل کمپلیکس کا ایک ٹرک اسکول کے بچوں کو لے کر اٹک روڈ پر آرہا تھا کہ سفید رنگ کی کرولا کار میں سوار خود کش حملہ آور نے آفیسرز میس کے قریب اپنی گاڑی اس اسکول ٹرک سے ٹکرادی ۔
عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ ٹرک کی باڈی زیادہ مضبوط ہونے کے باعث اس میں سوار پندرہ سے زائد بچوں کی جانیں محفوظ رہیں۔ دھماکے میں پانچ بچوں سمیت ٹرک ڈرائیور اور گارڈ زخمی ہوئے، جنہیں پی اے سی اسپتال داخل کرادیا گیا ۔ واقعہ کے فوری بعد علاقے کی سخت ناکہ بندی کردی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے فوری تحقیقات شروع کردیں۔ عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ سے کچھ پہلے ٹرک ڈرائیور نے غالباً خطرہ محسوس کرلیا تھا اور وہ ٹرک کو سڑک سے نیچے .ایک طرف اتار لے گیا ، اس کے باعث خود کش حملہ کی شدت سے ٹرک کسی حد تک محفوظ رہا