میران شاہ
شمالی وزیرستان کے علاقے درپہ خیل میں میزائل حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد10 ہوگئی۔حملے کے موقع پر اتحادی افواج کا بغیر پائلٹ طیارہ بھی فضا میں موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ کے نواحی علاقے ڈانڈے درپہ خیل میں نامعلوم سمت سے فائر کیا جانے والا میزائل ایک گھر پر جا گرا، جس سے دس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے،جن میں ایک مقامی عالمی دین بھی شامل ہیں۔ جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے چھ افراد کو ایجنسی ہیڈکوارٹراسپتال میرانشاہ پہنچادیا گیا ہے۔ حملے سے تین گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق جب میزائل حملہ ہوا ، اس وقت اتحادی افواج کا بغیر پائلٹ طیارہ بھی فضا میں پرواز کررہا تھا۔ قبائل نے امکان ظاہر کیا ہے کہ طیارے سے میزائل فائر کیا گیا ہے ۔