اسلام آباد…پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کو نظر بندکردیا گیا۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بینظیر بھٹو کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی نے آج راولپنڈی کے لیاقت باغ میں احتجاجی جلسے کا اعلان کررکھا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کو کسی صورت جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔مخدوم امین فہیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں بینظیر بھٹو کی رہائش گاہ پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں اور لیاقت باغ جانے والے راستوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا گیا ہے لیکن بینظیر بھٹو اور پارٹی کے دیگر رہنما ہر صورت جلسہ گاہ پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارٹی کے بے شمار کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔